پی ایس ایل، 10 میچوں کے ٹکٹس کی ری فنڈنگ کا پیر سے آغاز!

لاہور: پی سی بی نے پی ایس ایل 2020 کے 10 میچوں کے ٹکٹ کی واپسی کی تفصیلات جاری کردیں۔ یہ میچز یا تو بارش کی نذر ہوئے یا بند دروازوں میں کھیلے گئے، یا پھر کووڈ 19 کے باعث ان کا شیڈول تبدیل کردیا گیا تھا۔
دو مرحلوں پر مشتمل ٹکٹوں کی ری فنڈنگ کا یہ عمل پیر سے شروع ہوگا۔ پہلا مرحلہ 13 جولائی سے پانچ اگست تک جاری رہے گا، جس میں کووڈ 19 کے سبب بند دروازوں میں کھیلے گئے 5 گروپ میچز اور 29 فروری کو راولپنڈی میں بارش کی نذر ہونے والے میچ کے ٹکٹ ری فنڈ کیے جائیں گے۔
ری فنڈنگ کا دوسرا مرحلہ 6 سے 29 اگست تک جاری رہے گا۔ جہاں لیگ کے ابتدائی شیڈول میں شامل کوالیفائر، 2 ایلیمنٹر اور فائنل میچ کے ٹکٹ ری فنڈ کیے جائیں گے۔
6 ہفتوں پر مشتمل یہ عمل صارفین کے لیے ایونٹ کے ٹکٹس کی واپسی کا واحد موقع ہے۔ ٹکٹوں کی واپسی کا یہ عمل ملک بھر کے 27 مختلف شہروں کے مخصوص ٹی سی ایس مراکز پر پیر سے ہفتہ، صبح 10 سے سہ پہر 4 بجے تک جاری رہے گا۔ ان شہروں میں اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور اور ملتان کے علاوہ چکوال، حیدرآباد، وہاڑی، گوجرانوالا، بھکر، ڈیرہ غازی، سکھر، لودھراں اور وہاڑی وغیرہ بھی شامل ہیں۔
صارفین کو ٹکٹ کے پیسوں کی واپسی کے لیے ایونٹ کے لیے خریدے گئے اپنے اصل ٹکٹ ان مخصوص ٹی سی ایس مراکز میں جمع کرانا ہوں گے۔ اس دوران ٹی سی ایس مراکز کا رخ کرنے والے ان صارفین کے لیے چہرے پر ماسک پہننا اورسماجی فاصلے سے متعلق دیگر حکومتی ہدایات پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔

PSLrefundingTickets