پروپیگنڈا باز بھارت کبھی کامیاب نہیں ہوگا

دانیال جیلانی

بھارت آئے روز کسی نہ کسی پروپیگنڈے کا سہارا لے کر پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرتا ہے، لیکن ہر مرتبہ ناکامی اس کا مقدر بنتی ہے۔ گزشتہ دنوں بھارتی وزیر خارجہ نے جھوٹ پر مبنی بیان دیا، جس کا پاکستان نے موثر اور بھرپور جواب دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ، طاہر اندرابی نے بھارتی وزیرِ خارجہ کے اشتعال انگیز، بے بنیاد اور غیر ذمے دارانہ تبصروں کو مسترد کرتے ہوئے پاکستان کی ریاستی پوزیشن واضح کی ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے تحفظ کی ضمانت دی ہے اور بھارتی قیادت کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو یکسر مسترد کیا ہے۔ پاکستان ایک ذمے دار ریاست ہے اور اس کے تمام ریاستی ادارے، خاص طور پر مسلح افواج، ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت مستعد ہیں۔ بھارت کی جانب سے پاکستان کی مسلح افواج اور دیگر ریاستی اداروں کو بدنام کرنے کی کوششیں ایک منظم پروپیگنڈا مہم کا حصہ ہیں، جس کا مقصد عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔ بھارت کی جانب سے یہ اشتعال انگیز بیانات صرف داخلی سیاست کی خدمت نہیں کرتے، بلکہ عالمی سطح پر خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک واضح خطرہ ہیں۔ پاکستان نے ہمیشہ اپنی سرحدوں کی حفاظت میں تمام بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کی ہے اور اپنی فوج کو عالمی سطح پر ایک تربیت یافتہ اور پیشہ ور ادارہ تسلیم کرایا ہے۔ مئی 2025 میں ہونے والی کشیدگی نے پوری دنیا کے سامنے پاکستانی افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور بھارتی جارحیت کے خلاف دفاعی عزم کو واضح ظاہر کیا۔ پاکستانی افواج نے عالمی سطح پر اپنی طاقتور اور ذمے دارانہ دفاعی حکمت عملی کے ذریعے بھارت کی جارحیت کا مقابلہ کیا اور اس نے عالمی برادری کو یہ پیغام دیا کہ پاکستان اپنی سرحدوں کا تحفظ کرنے میں کسی بھی طرح پیچھے نہیں ہٹے گا۔
بھارتی وزیرِ خارجہ کا بیان پاکستان کے خلاف ایک منظم پروپیگنڈا کا حصہ ہے، جس کا مقصد خطے میں پاکستان کی ساکھ کو مجروح کرنا اور بھارت کی تخریبی سرگرمیوں سے عالمی توجہ ہٹانا ہے۔ بھارتی قیادت، خاص طور پر مودی حکومت، نے اپنے بیانات اور اقدامات سے نہ صرف پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی ہے بلکہ دنیا کو یہ تاثر دینے کی کوشش کی ہے کہ پاکستان کے ریاستی ادارے اور قیادت دہشت گردی کی سرپرستی کرتے ہیں۔ یہ کوششیں دراصل بھارت کے اندر جاری تخریبی سرگرمیوں اور پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کی پشت پناہی سے عالمی توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش ہیں۔ پاکستان نے ہمیشہ بھارتی سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی کی پشت پناہی کو عالمی فورمز پر اجاگر کیا ہے اور بھارتی ریاست کی تخریبی سرگرمیاں دن بہ دن واضح ہورہی ہیں۔ بھارت نے پاکستان کے خلاف عالمی سطح پر جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے یہ تاثر دینے کی کوشش کی ہے کہ پاکستان ایک دہشت گرد ریاست ہے، حالانکہ یہ حقیقت ہے کہ پاکستان عالمی دہشت گردی کے خلاف ایک محاذ پر جنگ لڑرہا ہے۔ بھارتی قیادت کی جانب سے پاکستان کی مسلح افواج پر بے بنیاد الزامات عائد کرنا اور پاکستان کی داخلی سیاست کو بدنام کرنے کی کوششیں ایک طرف جبکہ دوسری جانب بھارتی ریاست میں جاری ہندوتوا نظریے کے پھیلائو نے اس ملک کے اندر انتہاپسندی اور تشدد کو فروغ دیا ہے۔ بھارت میں مذہب کے نام پر اقلیتیں خصوصاً مسلمانوں، عیسائیوں اور دلتوں کے خلاف نفرت انگیز کارروائیاں عام ہوچکی ہیں۔ بھارتی حکومت اور قیادت، جو ہندوتوا نظریے کے زیر اثر ہیں، نے اپنے ملک میں اقلیتوں کے خلاف ماورائے عدالت قتل، پُرتشدد کارروائیاں، من مانی گرفتاریوں اور عبادت گاہوں کی مسماری جیسے جرائم کو نہ صرف نظرانداز کیا بلکہ ان کی سرپرستی بھی کی ہے۔
پاکستان نے ہمیشہ بقائے باہمی، مکالمے اور سفارت کاری پر زور دیا ہے اور اس کا موقف ہے کہ خطے میں امن اور استحکام کے لیے بھارت کو اپنی داخلی انتہاپسندی کو ختم کرنا ہوگا۔ پاکستان کی طرف سے ہمیشہ امن کوششیں کی گئی ہیں، لیکن بھارت کی جانب سے مسلسل پاکستان کے خلاف بیانات اور فوجی جارحیت اس حقیقت کو ظاہر کرتی ہے کہ بھارت کو خطے میں امن کی ضرورت نہیں بلکہ وہ خطے میں اپنی اجارہ داری کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کے ساتھ کشیدگی چاہتا ہے۔ پاکستان کا موقف ہمیشہ واضح رہا ہے کہ وہ عالمی قوانین اور اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے اپنے قومی مفادات اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے۔ بھارت کے اشتعال انگیز بیانات کو مسترد کرتے ہوئے، ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کا دفاعی عزم ہرگز متزلزل نہیں ہوگا۔ پاکستانی افواج عالمی سطح پر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا منواچکی ہیں اور ان کے عزم میں کسی بھی قسم کی کمی نہیں آئی۔ پاکستان نے ہمیشہ عالمی برادری کو یہ پیغام دیا ہے کہ اس کا کسی قسم کے جنگی تنازع میں ملوث ہونے کا کوئی ارادہ نہیں، بلکہ وہ امن کے لیے ہر ممکن کوششیں کرتا رہے گا۔ پاکستان نے ہمیشہ اپنے دفاعی عزم اور عالمی سطح پر امن کی کوششوں کو اولیت دی ہے۔ بھارتی قیادت کی جانب سے پاکستان کے خلاف لگائے گئے الزامات اور پروپیگنڈے کا مقصد عالمی توجہ پاکستان کی کامیابیوں سے ہٹانا اور بھارت کی تخریبی سرگرمیوں کو چھپانا ہے۔ بھارت کا ہندوتوا نظریہ، جو ریاستی سطح پر اقلیتی طبقات کے حقوق کو پامال کررہا ہے، اس کے خطے میں امن و استحکام کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔ پاکستان کا موقف یہ ہے کہ امن کا راستہ صرف مکالمہ، تعاون اور احترام سے گزرتا ہے، لیکن قومی مفادات اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے پاکستان ہر وقت متحد اور پُرعزم ہے۔

Indian Foreign Minister Controversial Statementindian propaganda against PakistanPakistan Foreign MinisteryPakistan RefusedspokepersonTahir Andrabi