اسلام آباد: صدر مملکت نے فرنٹیئر کانسٹیبلری کو ملک گیر فیڈرل فورس میں تبدیل کرنے سے متعلق فرنٹیئر کانسٹیبلری ری آرگنائزیشن آرڈیننس 2025 جاری کردیا۔
آرڈیننس کے مطابق فرنٹیئر کانسٹیبلری اب فیڈرل کانسٹیبلری کہلائے گی، ایف سی ایکٹ 1915 میں ترامیم منظوری کے بعد آرڈیننس جاری کیا گیا ہے، فیڈرل کانسٹیبلری چاروں صوبوں، اسلام آباد میں کام کرنے کا اختیار رکھے گی۔
آرڈیننس کے متن کے مطابق فیڈرل کانسٹیبلری کو آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان میں بھی کام کرنے کا اختیار حاصل ہوگا، فیڈرل کانسٹیبلری کا انسپکٹر جنرل وفاقی حکومت تعینات کرے گی۔
فیڈرل کانسٹیبلری سے متعلق قواعد بنائے جائیں گے اور ہر ڈویژن میں ایک ونگ کمانڈر تعینات کیا جائے گا، ڈویژنل ونگ کمانڈر کا رینک ڈپٹی انسپکٹر جنرل کے برابر ہوگا۔
آرڈیننس میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت لاء اینڈ آرڈر کے حصول کے لیے وفاقی ریزرو فورس بھرتی کرسکے گی، فیڈرل کانسٹیبلری کی ذمے داری فسادات کنٹرول، داخلی سیکیورٹی، کاؤنٹر ٹیررازم اور تحفظ کی ہوگی، فیڈرل کانسٹیبلری کی دو ڈویژن ہوں گی ایک سیکیورٹی ڈویژن اور دوسری فیڈرل ریزرو ڈویژن۔
آرڈیننس کے مطابق فیڈرل کانسٹیبلری میں بھرتی کے لیے ملک بھر میں دفاتر قائم کیے جائیں گے، تنظیم نو فریم ورک کے تحت فیڈرل کانسٹیبلری کی کمانڈ پولیس سروس آف پاکستان کے افسران کریں گے۔