کراچی: سائنس دان، استاد اور ماہرِ تعلیم پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمٰن کی دنیا کے مختلف ممالک میں سائنس اور ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کی گراں قدر خدمات کو بین الاقوامی سطح پر سراہنے کے لیے ایک اہم عالمی جرنل ”مالیکیولز“ نے خصوصی شمارہ نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق اس جرنل کی اشاعت معروف بین الاقوامی پبلشر ایم ڈی پی آئی کے تحت ہوتی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اس جرنل سے دنیا کے اہم ممالک کی سائنس سوسائٹیاں منسلک ہیں جن میں انٹرنیشنل سوسائٹی آف نیوکلیو سائیڈز، نیوکلیوٹائیڈز اینڈ نیو کلیئک ایسڈ، اسپینش سوسائٹی آف میڈیسنل کیمسٹری اور انٹرنیشنل سوسائٹی آف ہیٹرو سائکلک کیمسٹری شامل ہیں۔ ترجمان کے مطابق اس شمارے میں پروفیسر عطاء الرحمٰن کی گراں قدر خدمات کو اُجاگر کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ پروفیسر عطاء الرحمٰن نے کامسٹیک کے کوآرڈی نیٹر جنرل کی حیثیت سے اسلامی دنیا کے چالیس ممالک میں ہزاروں نوجوان سائنس دانوں کی معاونت کی اور ان کی استعداد کار میں اضافے کے لیے کئی اقدامات کیے۔ پاکستان میں وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کی حیثیت سے ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی بنیاد ڈالی اور اس طرح شہروں، قصبوں اور دیہات میں انٹرنیٹ کی سہولت عام کی۔
انہوں نے پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ پاک سیٹ ون خلا میں بھیجنے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس کے ساتھ موبائل فون انڈسٹری میں بھی اہم تبدیلیاں ان ہی کی نگرانی میں آئیں۔
بحیثیت بانی سربراہ اعلیٰ تعلیمی کمیشن پاکستان انہوں نے 2002 سے 2008 کے درمیان ملک کی اعلیٰ تعلیمی شعبے میں نمایاں تبدیلیاں رونما کیں اور پاکستان نے تحقیقی مقالہ جات کی اشاعت میں بھارت کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
دھیان رہے کہ اب پروفیسرعطاء الرحمٰن وزیراعظم پاکستان کی قائم کردہ ٹاسک فورس برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کے چیئرمین، سائنس اور ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت کے قیام کے لیے ٹاسک فورس کے وائس چیئرمین اور ٹاسک فورس برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شریک سربراہ ہیں۔
پروفیسر عطاء الرحمٰن کی نامیاتی کیمیا کے موضوع پر 1232سے زیادہ بین الاقوامی تحقیقی اشاعتیں، امریکا، یورپ اور جاپان میں طباعت شدہ 346 کتب اور بین الاقوامی سائنسی جرائد میں 771 سے زیادہ تحقیقی اشاعتیں قابل ذکر ہیں جب کہ 45 پیٹنٹ بھی ان کے نام ہیں۔ ان کی زیرِ نگرانی 82 طلبا نے پی ایچ ڈی کی سند حاصل کی ہے۔ پروفیسر عطا الرحمٰن آٹھ یورپی ریسرچ جرنل کے مدیرِ اعلیٰ ہیں جب کہ متعلقہ مضمون سے متعلق دنیا کی نمایاں انسائیکلوپیڈیا کے مدیر بھی ہیں۔ پروفیسر عطاء الرحمٰن کو ناصرف بین الاقوامی ایوارڈ حاصل ہوئے بلکہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے انہیں تمغہ امتیاز، ستارہ امتیاز، ہلالِ امتیاز اور نشانِ امتیاز بھی عطا کیا جاچکا ہے۔