قاہرہ: پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ہم منصب اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود سے ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات مصر کے شہر شرم الشیخ میں ہوئی، ملاقات میں مختلف شعبوں میں باہمی تعاون اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں پر گفتگو کی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس امر کا اعادہ کیا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے برادرانہ روابط کو بے حد اہمیت دیتا ہے، جن کی جڑیں مشترکہ عقیدے، ثقافت و اقدار اور باہمی حمایت کی لازوال روایت میں گہری ہیں، سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے میں معاون ہوگا۔
انہوں نے مملکت میں کام کرنے والے 20 لاکھ پاکستانیوں کے لیے سعودی عرب کی مہمان نوازی اور تعاون کو بھی سراہا، جو دونوں برادر ممالک کی ترقی، خوشحالی اور اقتصادی پیش رفت میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں، شہباز شریف نے بالخصوص دونوں برادر ممالک کے عوام کے باہمی مفاد میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، ترقی اور عوام کے درمیان روابط کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ بالخصوص ترقی پذیر ممالک میں ماحولیاتی سبب سے ہونے والے ضیاع اور نقصان کی مالی اعانت پر توجہ دینے کے حوالے سے “کوپ -27” کے ٹھوس نتائج برآمد ہوں گے۔
وزیراعظم نے ’’مڈل ایسٹ گرین انیشی ایٹو‘‘ کے تحت مربوط ماحولیاتی اقدام کی فعالیت پر ولی عہد کی کاوشوں کو بھی سراہا اور سعودی قیادت کو پاکستان کی جانب سے مکمل معاونت کا یقین دلایا۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب بھی اس موقع پر موجود تھے۔