اسلام آباد: پاکستان کے وزیراعظم میاں شہباز شریف کی نیویارک میں ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے اہم ملاقات ہوئی، جس میں وزیراعظم نے غزہ میں فوری طور پر انسانی بنیادوں پر جنگ بندی اور فلسطین و لبنان کے خلاف جاری اسرائیلی جارحیت کے خاتمے پر زور دیا۔
وزیراعظم اور ایرانی صدر کی ملاقات اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 79 ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی۔
دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور اچھے ہمسایہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ باہمی فائدہ مند تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ، ایران کے ساتھ روابط اور ثقافتی تعلقات کو بہتر بنانے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
ملاقات میں ایران پاکستان باہمی حمایت اور شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔