وزیراعظم کا نیپرا کے سولر سے متعلق نئے ریگولیشنز کے اجرا کا نوٹس

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے نیپرا کی جانب سے سولر سے متعلق نئے ریگولیشنز کے اجرا کا فوری نوٹس لے لیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نیپرا کے نئے ریگولیشنز کے اجرا پر اعلیٰ سطح کا خصوصی اجلاس ہوا، جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، عطا تارڑ، اویس لغاری، پرویز ملک، بلال کیانی، محمد علی اور احد چیمہ سمیت دیگر نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے نیپرا کی جانب سے سولر سے متعلق نئے ریگولیشنز کے اجرا کا فوری نوٹس لے لیا ہے۔
شہباز شریف نے پاور ڈویژن نیپرا کو سولر صارفین کے کانٹریکٹ کے تحفظ سے متعلق نظرثانی اپیل دائر کرنے اور موجودہ کانٹریکٹس کا ہر ممکن تحفظ یقینی بنائے جانے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سولر والے 4 لاکھ 66 ہزارصارفین کا بوجھ 3 کروڑ 76 لاکھ نیشنل گرڈ بجلی صارفین پر نہ پڑے۔
وزیراعظم نے پاور ڈویژن کو اس سے متعلق جامع لائحہ عمل تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی ہے۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے نیشنل گرڈ کو بجلی فروخت کرنے کے ریٹس کم کردیے ہیں۔
نئے ریگولیشنز کے مطابق پرانے سولر صارفین اپنی بجلی نیشنل گرڈ کو 25 روپے 32 پیسے فی یونٹ کے پرانے ریٹس پر ہی بیچیں گے مگر نئے صارفین کے لیے نیشنل گرڈ کو بیچی گئی بجلی کے فی یونٹ ریٹ میں 17 روپے 19 پیسے کی بڑی کمی کردی گئی ہے۔
اب نئے صارف کو اس کی فی یونٹ قیمت 3 گنا سے بھی کم یعنی 8 روپے 13 پیسے ملے گی۔
نئے اور پرانے صارفین کے لیے نیٹ بلنگ کا بھی نیا نظام متعارف کرا دیا گیا، صارف کا یونٹ اب سرکاری یونٹ کے برابر نہیں ہوگا، اب نیشنل گرڈ سے لی گئی ساری بجلی کی فی یونٹ قیمت حکومتی ٹیرف اور سلیبس کے حساب سے ہوگی۔
نئے نیٹ میٹرنگ صارفین کے لیے لائسنس کی مدت 7 سال سے کم کرکے 5 سال کردی گئی ہے۔

NepraNoticePM Shehbaz SharifSolar Regulations