اسلام آباد/ ریاض: وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے، وہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور اسٹرٹیجک شراکت داری پر بات چیت ہوگی جب کہ اقتصادی، توانائی اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے امکانات کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم ریاض میں منعقد ہونے والے فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو کے 8 ویں ایڈیشن میں شرکت کریں گے، کابینہ کے اہم ارکان بھی اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب بھی وزیراعظم کے ساتھ ہیں۔
فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو ممالک کے لیے معاشی طاقت کو ظاہر کرنے، غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور ایک پائیدار مستقبل کی تشکیل کے لیے مکالمے میں مشغول ہونے کی خاطر ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے۔
وزیراعظم کی سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان اور دیگر اعلیٰ سعودی حکام کے ساتھ اہم دو طرفہ بات چیت بھی متوقع ہے۔ فریقین پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی اور تزویراتی شراکت داری پر تبادلہ خیال کریں گے اور اقتصادی، توانائی اور دفاعی شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر غور کریں گے۔
وزیراعظم کی فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو کے 8 ویں ایڈیشن کانفرنس میں شرکت کرنے والے رہنماؤں اور کاروباری افراد کے ساتھ بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔ وزیراعظم دورہ سعودی عرب کے بعد جمعرات 31 اکتوبر کو قطر جائیں گے۔
انہیں اس دورے کی دعوت قطر کے امیر تمیم بن حماد الثانی نے دی ہے۔ وزیراعظم دوحہ میں پاکستانی نوادرات، فنون اور ثقافت کے حوالے سے نمائش کا افتتاح کریں گے۔ وہ امیر قطر اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کریں گے، جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات ہوگی۔