لاہور: منی لانڈرنگ کیس سے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو بری کردیا گیا۔
اسپیشل سینٹرل کورٹ لاہور نے ایف آئی اے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی بریت کا فیصلہ سنایا۔
11 اکتوبر کو اسپیشل سینٹرل کورٹ نے وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں بریت کی درخواستوں پر وکلا کو آج تک (12 اکتوبر) دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی، ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا تھا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے اکاؤنٹ میں براہ راست پیسے جمع ہونے یا نکلوانے کے کوئی شواہد نہیں۔
آج عدالت میں سماعت کے دوران شہباز شریف کے وکیل نے بتایا کہ تفتیشی افسر نے گواہوں کے بیانات توڑ مروڑ کر پیش کرنے کی کوشش کی، وکیل نے مؤقف اپنایا کہ 161 کے بیانات میں کسی گواہ نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کا ذکر نہیں کیا، تحریری دلائل عدالت میں جمع کرادیے ہیں۔
شہباز شریف کے وکیل کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے کیس کا فیصلہ محفوظ کردیا تھا، جو اب سنادیا ہے۔