اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے 38 ارب روپے کے رمضان ریلیف پیکیج کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم رمضان ریلیف پیکیج کے اجرا کی تقریب کے دوران سیکریٹری بی آئی ایس پی نے بریفنگ دیتے ہوئے شہباز شریف کو بتایا کہ اس سال رمضان پیکیج کے تحت رقم 13 ہزار روپے کردی گئی ہے، پیکیج کا مقصد مستحق افراد کو باعزت ریلیف فراہم کرنا ہے۔
سیکریٹری بی آئی ایس پی نے بتایا کہ 2025 میں رمضان پیکیج کے تحت مستحقین کو 5 ہزار روپے دیے گئے تھے، مستحق افراد کو رقوم بینکوں کے ذریعے براہ راست فراہم کی جائیں گی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ وزیراعظم رمضان ریلیف پیکیج کا حجم 38 ارب روپے ہے، وزرا پر مشتمل کمیٹی رمضان پیکیج کے تمام مراحل کی نگرانی کرے گی، وزیراعظم خود اس نظام کی نگرانی کررہے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا، پچھلے سال رمضان میں مستحقین کو ڈیجیٹل نظام کے ذریعے رقم فراہم کی، پچھلے سال 20 ارب روپے مختص کیے گئے تھے، اس سال رمضان پیکیج کے تحت 38 ارب روپے مقرر کیے ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر میں شفاف نظام کے ذریعے رمضان ریلیف پیکیج کی رقم تقسیم ہوگی، مستحقین کو فی خاندان 13 ہزار روپے دیے جائیں گے۔