پشاور: وزیراعظم اور آرمی چیف نے کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان کو پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی کی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کواٹرز پشاور کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم، آرمی چیف کے ہمراہ گورنر شاہ فرمان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان بھی تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورت حال، پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو ضم ہونے والے اضلاع میں جاری ترقیاتی کاموں، پاک افغان انٹرنیشنل سرحد پر بدلتی سیکیورٹی صورت حال اور حکمت عملی پر بھی بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم نے بارڈر کنٹرول اور بیرونی سیکیورٹی کے لیے حقیقت پسندانہ اقدامات کو بھی سراہا جب کہ کورونا، ٹڈی دل، انسداد پولیو مہم اور شجرکاری مہم میں سول انتظامیہ کی مدد پر بھی مسلح افواج کی تعریف کی۔