صدارتی انتخابات: زرداری کے کاغذات نامزدگی منظور، اچکزئی پر اعتراض عائد

اسلام آباد: سابق صدر مملکت آصف علی زرداری، جو اتحادی جماعتوں کے مشترکہ صدارتی امیدوار ہیں، اُن کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے جب کہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار محمود خان اچکزئی پر اعتراض عائد کردیا گیا۔ اتحادی جماعتوں اور سنی اتحاد کونسل کے صدارتی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی مکمل ہوگئی۔
چیف الیکشن کمشنر نے آصف زرداری اور سنی اتحاد کونسل کے صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی کے کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی کی۔
چیف الیکشن کمشنر نے آصف زرداری کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے۔ ایک اور صدارتی امیدوار اصغر علی مبارک نے محمود خان اچکزئی کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض عائد کردیا، جس پر چیف الیکشن کمشنر نے محمود خان اچکزئی کے کاغذات نامزدگی کی منظوری پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
محمود خان اچکزئی کے صدارت کے لیے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات میں کہا گیا کہ محمود اچکزئی نے اسمبلی فلور پر اسٹیبلشمنٹ اور اداروں کے خلاف بیان دے کر آئین پاکستان سے انحراف کیا، انہوں نے کہا کہ الیکشن میں سلیکٹ کرانے کے لیے لوگوں سے 70ارب روپے لیے گئے، لہٰذا ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں۔
فاروق نائیک نے بتایا کہ آصف زرداری کے کاغذات نامزدگی پر کوئی اعتراض عائد نہیں کیا گیا۔ ہمارے پاس نمبر پورے ہیں، آصف زرداری دوسری مرتبہ صدر منتخب ہوں گے۔

Asif ali zardariElection commissionMehmood Khan AchakzaiScrutinyZardari Papers Approved