صدر ٹرمپ کا غزہ بورڈ آف پیس کا اعلان، شہباز شریف نے بھی دستخط کردیے

ڈیووس: امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ بورڈ آف پیس کا باقاعدہ اعلان کردیا۔
سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں غزہ بورڈ آف پیس معاہدے پر دستخط کی تقریب ہوئی جہاں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سمیت دیگر ممالک نے معاہدے پر دستخط کیے جس کے بعد چارٹر مکمل طور پر نافذالعمل ہوگیا۔
اس موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت پر تمام ممالک کا مشکور ہوں، بورڈ آف پیس پر اقوام متحدہ سمیت دیگر ممالک کے ساتھ کام جاری رکھوں گا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بورڈ آف پیس میں سابق برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر کا انتہائی اہم کردار ہے۔ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے کوشاں ہیں اور امن کوششوں کی کامیابی کے لیے پُرامید ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں امن بورڈ میں بہت سے ممالک شامل ہونا چاہتے ہیں، اقوام متحدہ سمیت دیگرممالک کے ساتھ کام جاری رکھیں گے، غزہ میں جنگ ختم ہونے والی ہے، حماس کو ہتھیار ڈالنے ہوں گے ورنہ اس کا خاتمہ ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے 8 جنگیں رکوائیں، پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی ملک ہیں، میں نے دونوں کے درمیان جنگ رکوائی جبکہ اس کے علاوہ بھی کئی جنگیں رکوائیں، جس کے بعد دنیا مزید محفوظ ہوگئی ہے۔
ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ بات چیت کیلئے تیار ہیں، ایران بات کرنا چاہتا ہے اور ہم بات کریں گے۔
عرب میڈیا کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے تشکیل دیے گئے غزہ بورڈ آف پیس میں اب تک پاکستان سمیت 19 ممالک شمولیت اختیار کرچکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اب تک پاکستان، قطر، سعودی عرب، ترکیے، انڈونیشیا، بحرین، مصر، اردن، قازقستان، ازبکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) بورڈ میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں۔
اس کے علاوہ ارجنٹینا، آرمینیا، آذربائیجان، بیلاروس، ہنگری، کوسوو، مراکش اور ویتنام نے بھی غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔
گزشتہ دنوں یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے بھی امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
ڈیووس میں خطاب کرتے ہوئے روسی صدر پوتن نے غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت پر صدر ٹرمپ سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ وہ ایک ارب ڈالر دینے کو تیار ہیں، ہم نےعالمی استحکام کی ہر کوشش میں تعاون کیا ہے۔

Gaza Board of PeacePM Shehbaz SharifPresident Trump AnnouncedSign