تمام سیاسی رہنماؤں کو انتخابات میں یکساں مواقع دیے جائیں، صدر مملکت

اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے زور دیا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کو الیکشن میں حصہ لینے کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں۔
صدر علوی سے سابق وفاقی وزیر اور سینیٹر محمد علی درانی نے ملاقات کی۔
اس موقع پر صدر مملکت نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ عام انتخابات آزادانہ، منصفانہ، شفاف اور جامع ہونے چاہئیں، ملک میں جمہوریت کی مضبوطی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں اور اُن کی قیادت کو انتخابی عمل میں حصہ لینے کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں، اگر لوگ اپنی پسند کے لیڈر منتخب نہ کرسکیں تو جمہوریت بے معنی ہوجاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تلخیاں ختم ہونی چاہئیں، تعاون اور درگزر کا راستہ نکلنا چاہیے، مشکل فیصلوں کے لیے عوامی حمایت اور مشترکہ ملکیت درکار ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات ملکی تعمیر نو کے لیے ضروری تحریک پیدا کرنے کا اچھا موقع ہیں، سیاسی شمولیت کا اہم اور واحد معاملہ ہی جمہوریت کی روح ہے، معیشت سمیت تمام ممکنہ محاذوں پر مشکلات کا مقابلہ کرنے کے لیے ملک میں سیاسی، ادارہ جاتی اور اسٹیک ہولڈرز کے اتحاد کی اشد ضرورت ہے۔

2024Arif alviElectionPresident of Pakistan