اسلام آباد: صدر مملکت نے جعلی دعووں کی تفتیش میں ناکامی پر ایف بی آر پر اظہارِ برہمی کیا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایف بی آر کو جعلی ٹیکس ری فنڈ کیس میں ایک کروڑ 44 لاکھ روپے کی وصولی کا حکم دے دیا اور وفاقی ٹیکس محتسب کے فیصلے کے خلاف ایف بی آر کی جانب سے دائر کردہ اپیل مسترد کردی۔
صدر نے فیصلے میں کہا کہ ایف بی آر کے حکام نے جعلی رسیدوں کی بنیاد پر جعلی رجسٹرڈ پرسن کو ایک کروڑ 44 لاکھ سے زائد ٹیکس ری فنڈ کیا، وفاقی ٹیکس محتسب نے ایف بی آر کے علاقائی دفاتر کی جانب سے ری فنڈ کی ادائیگی میں کی جانے والی بے ضابطگیوں کے خلاف سوموٹو کارروائی کی تھی، وفاقی ٹیکس محتسب نے ایف بی آر کو جعلی رسیدوں کی بنیاد پر ادا کی جانے والی رقم وصول کرنے کا حکم دیا تھا۔
صدر مملکت نے ایف بی آر کی جانب سے جعلی دعووں کی تفتیش میں ناکامی پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے کہا کہ عہدیداران کی ملی بھگت سے رقم واپس کی گئی اور ذمے داران کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی، جعل سازوں سے خورد برد کی گئی رقم وصول کی جائے اور قانونی سزا دی جائے، ایف بی آر وفاقی ٹیکس محتسب کے فیصلے کی مخالفت کے بجائے عوام کے پیسے کی وصولی یقینی بنائے۔
ایف بی آر نے وفاقی ٹیکس محتسب کے احکامات کے خلاف ایوانِ صدر میں 74 درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔ متعلقہ ریکارڈ کے مطابق ایف بی آر نے جعلی رجسٹرڈ پرسنز کو 87 کروڑ روپے سے زائد ری فنڈ کی منظوری دی، جس میں سے 22 کروڑ سے زائد رقم پہلے ہی ادا ہوچکی ہے۔