واشنگٹن: امریکا کے صدر جوبائیڈن نے ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے انتہاپسند حامیوں کو جمہوریت کے لیے خطرہ ٹھہرادیا۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے فلاڈیلفیا میں خطاب کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی میک امریکا گریٹ اگین (میگا) مہم کے حامیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ وہ 2 سال قبل ڈونلڈ ٹرمپ کو ووٹ دینے والے 7 کروڑ امریکی شہریوں پر تنقید نہیں کررہے، مگر آج کی ری پبلکن پارٹی میں ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے حامیوں کا غلبہ ہے جو اس ملک کے لیے خطرہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عرصے سے ہم خود سے کہہ رہے ہیں کہ امریکا میں جمہوریت کی ضمانت دی گئی ہے، لیکن ایسا نہیں ہے، ہمیں اس کا دفاع کرنا ہوگا، اس کے لیے ہم سب کو کھڑا ہونا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے حامی آئین یا قوانین کا احترام نہیں کرتے اور سیاسی تشدد کو بھڑکاتے ہیں۔
امریکا میں نومبر میں وسط مدتی انتخابات ہورہے ہیں، جو واشنگٹن میں طاقت کے توازن کا فیصلہ کریں گے اور جوبائیڈن کا خطاب اسی حوالے سے تھا۔
انہوں نے کہا کہ میگا کے حامی امریکا کو پیچھے لے جارہے ہیں، یعنی اس امریکا کی طرف جہاں انتخاب کا کوئی حق نہیں تھا، پرائیویسی کا کوئی حق نہیں تھا، اسقاط حمل کا حق نہیں تھا، اپنی پسند سے شادی کا حق نہیں تھا۔