صدر علوی نے اپنے سیکریٹری وقار احمد کی خدمات واپس کردیں

اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی کے بیان سے پیدا سیاسی بحران مزید سنگین ہوگیا، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے سیکریٹری وقار احمد کی خدمات واپس کردیں۔
سیکریٹری کی تبدیلی کا فیصلہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور آرمی ترمیمی ایکٹ پر صدر کے گزشتہ روز کے بیان کے تناظر میں کیا گیا۔
ایوان صدر سیکریٹریٹ نے وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری کو خط لکھ کر سیکریٹری کی تبدیلی کے فیصلے سے آگاہ کیا۔ خط میں لکھا گیا کہ وقار احمد کی خدمات کی مزید ضرورت نہیں۔
ایوان صدر کے خط میں پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کی گریڈ 22 کی خاتون افسر حمیرا احمد کو صدر کا سیکریٹری لگانے کی سفارش بھی کی گئی۔
دھیان رہے کہ گزشتہ روز صدر مملکت عارف علوی نے کہا تھا کہ اللہ گواہ ہے، میں نے آفیشل سیکریٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ ترمیمی بل پر دستخط نہیں کیے۔
صدر عارف علوی نے اپنے بیان میں کہا کہ میں آفیشل سیکریٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ ترمیمی بل سے اتفاق نہیں کرتا، میں نے اپنے عملے کو کہا کہ بل کو بغیر دستخط کے واپس بھیجیں۔
صدر پاکستان نے مزید کہا میں نے عملے سے کافی بار تصدیق کی کہ بلز بغیر دستخط کے واپس بھیج دیے گئے ہیں، مجھے آج معلوم ہوا کہ میرے عملے نے میری مرضی اور حکم کو مجروح کیا۔

 

President Arif AlviReturned ServicesSecretary Waqar Ahmed