واشنگٹن: امریکا میں پولیو وائرس کی موجودگی کے انکشاف کے بعد ریاست نیویارک میں ڈیزاسٹر ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
امریکی میڈیا کے مطابق نیویارک کی 4 کاؤنٹیز میں گندے پانی کے نمونوں میں پولیو وائرس ملنے کی تصدیق کے بعد گورنر کیتھی ہوچل نے ریاست میں ڈیزاسٹر ایمرجنسی کا اعلان کیا ہے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ان چاروں کاؤنٹیز میں رہنے والے ایسے لوگ جنہوں نے پولیو ویکسین نہیں لگوائی پولیو کا شکار ہوسکتے ہیں۔ ڈیزاسٹر ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد زیادہ سے زیادہ لوگوں کو پولیو ویکسین لگانے کی کوششوں کو تیز کیا جائے گا اور اس سلسلے میں فارماسسٹ، مڈوائفز اور ای ایم ایس ورکرز کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔
امریکا میں ایک دہائی کے بعد گزشتہ ماہ نیویارک میں پولیو کا پہلا کیس رپورٹ ہوا تھا۔ امریکا میں 2013 کے بعد ایک ایسا نوجوان پولیو وائرس کا شکار ہوا تھا، جسے پولیو ویکسین نہیں لگائی گئی تھی۔