مظفرآباد: آزاد کشمیر ترقی اور خوش حالی کی راہ پر تیزی سے گامزن ہے۔
پاکستان کی شہ رگ آزاد جموں و کشمیر میں پی ایس ایل مقابلے منعقد کرانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
سفاک و بے رحم مودی کی مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کے جواب میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بڑا اعلان کردیا۔
پی سی بی نے آزاد جموں و کشمیر کے مظفرآباد کرکٹ اسٹیڈیم میں پی ایس ایل میچز کے انعقاد کا فیصلہ کرلیا۔
پاکستان سپر لیگ کے تاریخی لندن روڈ شو میں پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ ہم مظفرآباد کرکٹ اسٹیڈیم کو بھی بہترین انداز میں تیار کرنے جارہے ہیں۔ بین الاقوامی کھلاڑیوں کے لیے مظفرآباد میں اعلیٰ معیار کا فائیواسٹار ہوٹل بھی موجود ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل کے میچز کے ساتھ دیگر بین الاقوامی میچز بھی آزاد جموں و کشمیر میں منعقد کرائے جائیں گے۔
پاکستان کے خوش آئند اقدام نےثابت کردیا کہ امن، کھیل اور ترقی کشمیر کی اصل شناخت ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ظلم و ستم کے برعکس پاکستان جنت نظیر وادی میں کھیل کے ذریعے امن کی تاریخ لکھ رہا ہے۔
آزاد جموں و کشمیر میں خوش گوار کھیلوں کی فضا واضح پیغام ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جو ظلم و بربریت کے خلاف ہر لمحہ اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے۔