سائیکل پر اسپتال پہنچ کر بچے کو جنم دینے والی باہمت رکن اسمبلی

ویلنگٹن: نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والی حاملہ رکن اسمبلی جولی این جینٹر علی الصبح اکیلے سائیکل چلاتے ہوئے اسپتال پہنچیں، جہاں اُن کے ہاں صحت مند بچے کی پیدائش ہوئی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق نیوزی لینڈ کی رکن اسمبلی جولی این جینٹر نے ایک صحت مند بچی کو جنم دیا ہے جس کے لیے انہیں خود سائیکل چلاتے ہوئے اسپتال پہنچنا پڑا تھا۔

نیوزی لینڈ کی حاملہ رکن اسمبلی جولی این جینٹر سائیکل پر اسپتال جاتے ہوئے

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ رات دو بجے مجھے تکلیف بڑھی تو ٹرانسپورٹ کا انتظار کیے بغیر خود سائیکل چلاتے ہوئے اسپتال پہنچ گئی۔ میں نے کبھی سوچا نہ تھا کہ زچگی کے درد کے دوران سائیکل چلاؤں گی۔
رکن اسمبلی نے مزید لکھا کہ اسپتال پہنچنے کے ایک گھنٹے بعد میں نے ایک صحت مند بچی کو جنم دیا جو اب بڑے مزے سے اپنے باپ کی گود میں سورہی ہے۔ ہم اپنے گھر نئے مہمان کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

جولی این جینٹر نے مزید لکھا کہ اسپتال گھر سے 3 منٹ کی دوری پر تھا اور شروع میں تکلیف کم تھی لیکن درد کے باعث سائیکل چلانے میں مشکل کا سامنا تھا، اس لیے یہ سفر 10 سے زیادہ منٹوں پر محیط ہوگیا۔
رکن اسمبلی نے اپنی کیفیت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ جب میں پارکنگ میں پہنچی تو بے حد خوش تھی کہ منزل تک خیر و عافیت کے ساتھ پہنچ گئی ہوں۔
خیال رہے کہ جولی این جینٹر ٹرانسپورٹ کے بے تحاشا استعمال کے باعث آلودگی جیسے مسائل کے خلاف آواز اُٹھاتی اور لوگوں کو سائیکل کے استعمال کی ہدایت کرتی رہی ہیں۔

باہمت خاتونحاملہ رکن اسمبلیسائیکلنیوزی لینڈ