بلاول سے ن لیگی رہنماؤں کی ملاقات، عید بعد آل پارٹیز کانفرنس بلانے پر اتفاق

لاہور: بلاول بھٹو سے ن لیگ کے رہنماؤں نے لاہور میں‌ ملاقات کی جس میں‌ ملکی مجموعی سیاسی صورت حال کے علاوہ اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس عید کے بعد بلانے پر اتفاق کرلیا گیا۔
حزب اختلاف کی دو بڑی جماعتوں مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے قائدین نے اے پی سی کے ممکنہ ایجنڈے پر مشاورت کی۔ بلاول بھٹو سے ملاقات کے لیے احسن اقبال، ایاز صادق اور سعد رفیق بلاول ہاوس لاہور پہنچے اور ملک کی سیاسی، معاشی و اقتصادی صورت حال پر تفصیلی بات چیت کی۔
ملاقات میں پیپلز پارٹی کی تجویز کردہ اے پی سی کے ایجنڈے پر بھی گفتگو ہوئی، حکومت کی جانب سے انتقامی کاروائیوں اور نیب قوانین میں ممکنہ ترامیم کے امور زیر بحث آئے۔ اس موقع پر پی پی رہنما سابق وزیراعظم پرویزاشرف، قمر زمان کائرہ، چوہدری منظور اور حسن مرتضیٰ بھی موجود تھے۔
بتایا گیا ہے کہ ملاقات کے بعد اے پی سی کے ایجنڈے کی حتمی تجاویز پر دیگر اپوزیشن جماعتوں کے قائدین سے بھی مشاورت کی جائے گی، اپوزیشن کی دیگر جماعتیں پہلے ہی بلاول بھٹو زرداری کو اپنی حمایت کی یقین دہانی کرا چکی ہیں۔

BilawalN LeagePPP