پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما چوہدری احمد مختار کی رحلت!

لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیر دفاع چوہدری احمد مختار علالت کے بعد انتقال کرگئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیر دفاع چوہدری احمد مختار طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے، ان کی نماز جنازہ ڈیفنس ٹی بلاک مسجد میں ادا کی جائے گی۔
چوہدری احمد مختار مختلف ادوار میں دفاع، پانی و بجلی اور تجارت کے وزیر رہے جب کہ انہوں نے پیپلز پارٹی کے جنرل سیکریٹری کے طور پر بے نظیر بھٹو کے ساتھ خدمات انجام دیں۔
چوہدری احمد مختار کے انتقال پر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک ثابت قدم، تجربے کار رہنما اور پارٹی کا سرمایہ تھے، ان کے انتقال سے بہت غم زدہ ہوں، ہم ان کی کمی کو ہمیشہ محسوس کریں گے۔
مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الٰہی نے چوہدری احمد مختار کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم سینئر سیاست دان اور سلجھے ہوئے انسان تھے، وہ سیاست میں بھی عزت و احترام کا رشتہ ہمیشہ قائم رکھتے تھے، پیپلز پارٹی کی سیاست میں ان کا بڑا مثبت کردار تھا، ہم ان کےاہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

Chaudhary Ahmad MukhtarDeathPPP