رواداری کے فروغ کا واحد راستہ جمہوریت کی مضبوطی ہے: بلاول بھٹو

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ معاشرے میں عدم برداشت کا رجحان پھیل رہا ہے۔
برداشت اور رواداری کے عالمی دن پر پیغام میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ معاشرے میں عدم رواداری اورعدم برداشت کا رجحان پھیل رہا ہے جو ہر ذی شعور کے لیے باعث تشویش ہے۔ رواداری کو فروغ دینے کا واحد راستہ جمہوریت کی مضبوطی میں ہے۔
چیئرمین پی پی پی کا مزید کہنا تھا کہ انتخابی دھاندلیاں، غیر منصفانہ فیصلے، آمریت کا بار بار مسلط ہونا اور جمہوریت کو پھلنے پھولنے سے روکنا عدم برداشت کے اسباب ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین تاریخی طور پر رواداری پسند اور انسانیت دوست رہی ہے۔ دنیا میں بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کی شدید ضرورت ہے۔
پیپلزپارٹی قائداعظم کے وژن، قائدِ عوام کے نظریے اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے فلسفے کی روشنی میں پاکستان کو برداشت و رواداری کا گہوارہ بنائے گی۔

Bilawal Bhutto zardariChairman PPP