اسلام آباد/ کراچی: کورونا وبا کے باعث ملک میں 4 ماہ سے تعطل کا شکار انسداد پولیو مہم دوبارہ شروع ہوگئی ہے۔
کوآرڈینیٹر ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق خیبرپختونخوا میں 4 ماہ کے تعطل کے بعد انسداد پولیو مہم کا دوبارہ آغاز کردیا گیا ہے، کورونا کے باعث 19 مارچ سے صوبہ میں پولیو مہم معطل کی گئی تھیں جب کہ قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں بھی آج سے 5 روزہ پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔
کوئٹہ کی 10 یونین کونسل میں بھی انسداد پولیو مہم کا آغاز آج سے ہوگیا ہے، مہم کے دوران ایک لاکھ 10 ہزار بچوں کو ویکسین پلائی جائے گی۔ لاہور میں ضلعی انتظامیہ نے راوی زون کی 6 مخصوص یونین کونسلز میں اسپیشل پولیو مہم کا آغاز کردیا ہے، پولیو مہم میں یونین کونسل 9،10،11،12،13 اور 26 میں بچوں کو قطرے پلائیں جائیں گے۔
کراچی میں بھی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ہے، کورونا کے باعث مہم مخصوص ٹاؤنز میں شروع کی گئی ہے، مہم کے دوران 5 سال سے کم عمر کے 2 لاکھ 60 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔