لاہور: گزشتہ دنوں قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والی سابقہ ماڈل و اداکارہ زینب جمیل کا کہنا ہے کہ 4 دن گزر گئے، تمام ثبوت اور بیان دے چکی لیکن پولیس نے حملے میں ملوث شوہر کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا۔
ذرائع کے مطابق لاہور میں حملے میں زخمی ہونے والی زینب جمیل کو حملے سے چند روز قبل بے نامی خط کے ذریعے قتل کی دھمکی بھی ملی تھی، خط میں مبینہ طور پر خاتون پر اس کے شوہر کی جانب سے حملے کا ذکر ہے۔
دوسری جانب زینب جمیل نے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ 4 روز ہوچکے، تمام ثبوت اور بیان دے چکی ہوں لیکن پولیس نے حملے میں ملوث شوہر کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا۔
مزید برآں پولیس نے زینب جمیل کے ڈرائیور سمیت دو افراد کو حراست میں لے رکھا ہے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل سابقہ اداکارہ اور ماڈل زینب جمیل پر لاہور میں قاتلانہ حملے کا مقدمہ دو نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا تھا۔
اس سے قبل ایک بیان میں زینب جمیل نے کہا تھا کہ اُنہیں فون پر سنگین نتائج کی دھمکیاں مل رہی تھیں، سیلون پر دھمکی آمیز خط بھی بھیجا گیا تھا، ملزمان کو نہیں جانتی لیکن ملزمان پہلے سے گھات لگائے ہوئے تھے۔