کراچی: پاور شیئرنگ کے معاملے پر مسلم لیگ ن نے ایم کیو ایم پاکستان کے مطالبات سے اصولی اتفاق کرلیا ہے۔
ذرائع ایم کیو ایم پاکستان کے مطابق ایم کیو ایم کے مطالبوں پر حتمی اتفاق کے لیے مذاکرات آئندہ دنوں ہونے ہیں، تاہم ن لیگ نے ہمارے مطالبات پر اصولی اتفاق کرلیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کا بلدیاتی حکومتوں کی خودمختاری اور مضبوطی کے لیے آئینی ترامیم اولین مطالبہ ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ گورنر سندھ اور وزارتوں پر بھی ن لیگ اور ایم کیو ایم پاکستان کے درمیان حتمی بات چیت ہونی ہے، ایم کیو ایم پاکستان نے اسپیکر قومی اسمبلی کے انتخاب سے قبل مذاکرات کو حتمی شکل دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق رابطہ کمیٹی سے رائے لی گئی ہے، حکومت میں شامل ہوا جائے یا اپوزیشن سیٹوں پر بیٹھا جائے، حکومت میں جانے یا اپوزیشن میں بیٹھنے سے متعلق فیصلہ حتمی مذاکرات کے بعد کیا جائے گا۔