کراچی/ اسلام آباد: ایم کیو ایم (پاکستان) اور مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کے درمیان ہونے والے مذاکرات کی اندرونی کہانی منظرعام پر آگئی۔
ایم کیو ایم اور مسلم لیگ ن کے درمیان مذاکرات گزشتہ روز اسلام آباد میں ہوئے تھے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ مسلم لیگ ن نے ایم کیو ایم کو گورنر سندھ سے متعلق یقین دہانی کرادی ہے۔
ذرائع کے مطابق ن لیگ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان جس کا نام دے گی، اسے گورنر سندھ مقرر کیا جائے گا۔
دوسری جانب ذرائع ایم کیو ایم پاکستان کا بتانا ہے کہ گورنر سندھ کے لیے کامران ٹیسوری کا نام دیے جانے کا قوی امکان ہے۔
قبل ازیں اس قسم کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں کہ ن لیگ نے ایم کیو ایم پاکستان کو وفاق میں تین وزارتیں دینے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
ادھر ایم کیو ایم پاکستان نے بھی حکومت سازی کے لیے مسلم لیگ ن کے ساتھ ہونے والے مذاکرات پر رابطہ کمیٹی کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔