اسلام آباد: العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف نواز شریف کی اپیل پر ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سماعت کی اور فیصلہ محفوظ کیا۔
تاہم بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے مختصر سا فیصلہ سناتے ہوئے العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیل منظور کرتے ہوئے انہیں کیس سے بری کردیا۔
خیال رہے کہ 6 جولائی 2018 کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو 11 سال قید کی سزا سنائی تھی۔
علاوہ ازیں 24 دسمبر 2018 کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں 7 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔
رواں سال 26 اکتوبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے (ن) لیگی قائد نواز شریف کی درخواست پر ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سزا کے خلاف اپیلیں بحال کی تھیں۔
گزشتہ دنوں اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی 11 سال قید کی سزا کالعدم قرار دے کر انہیں بری کیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ ریفرنس واپس احتساب عدالت کو بھیجنے کی استدعا مسترد کردی۔