لاہور: مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز ابوظبی سے لاہور پہنچ گئیں۔
ان کا طیارہ لاہور پہنچ گیا ہے، مسلم لیگ ن کے کارکن ان کے استقبال کے لیے بڑی تعداد میں لاہور ایئرپورٹ کے اندر اور باہر موجود ہیں۔
وطن واپس پہنچنے پر مریم نواز نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا پاک سرزمین شاد باد۔
مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کا لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ابھی میری تمام تر توجہ مسلم لیگ ن پر ہے، مسلم لیگ ن کے تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط کرنا چاہتی ہوں۔
ان کا کہنا تھا نوجوانوں کو ن لیگ میں لانا چاہتی ہوں، پارٹی پہاڑ کی طرح ہے جو اس سے گرے گا وہ پتھر کی طرح ہوگا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کسی کی سزا پر خوش نہیں ہوں، عمران خان نے سیاسی طور پر مخالفین کے ساتھ جو کیا اس کی سزا انہیں قانون فطرت سے ملے گی۔
شاہد خاقان اور مفتاح اسماعیل سے متعلق سوال پر مریم نواز کا کہنا تھا مفتاح اسماعیل سے متعلق گفتگو نہیں کرنا چاہتی جب کہ شاہد خاقان کی پارٹی اور نواز شریف سے وابستگی پر کوئی سوال نہیں اٹھاسکتا، شاہد خاقان عباسی نے کہا میں ن لیگ کے ساتھ کھڑا ہوں، پارٹی چھوڑوں گا تو گھر جاؤں گا۔
مریم نواز کا کہنا تھا نواز شریف وطن واپسی کی تیاری کررہے ہیں، اس وقت نواز شریف کی واپسی کی حتمی تاریخ نہیں دے سکتی لیکن وہ بہت جلد پاکستان میں ہوں گے، نواز شریف کی وطن واپسی کی حتمی تاریخ تب دی جاسکے گی جب واپسی کا ٹکٹ بک ہوگا۔
اُن کا کہنا تھا 3 سال کے بعد اپنے والد سے ملی تھی، کبھی اتنا عرصہ ان سے دُور نہیں رہی، 5 اکتوبر کو پاکستان سے روانہ ہوئی تھی، اپنے والد کے ساتھ وقت گزارا، ان 4 ماہ میں اپنے والد سے سیکھنے کا موقع ملا، نواز شریف کے حوصلے بلند ہیں۔
قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز شریف کمرشل پرواز میں ابوظبی سے لاہور کے لیے روانہ ہوئی تھیں۔
مریم نواز کی پرواز میڈیکل ایمرجنسی کی بنا پر تاخیر کا شکار ہوئی، پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی پرواز پی کے 264 نے امارات کے مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجے پاکستان کے لیے روانہ ہونا تھا اور پرواز نے سہ پہر 03:05 پر لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کرنا تھا مگر اسی پرواز میں سوار ایک مسافر محمد ہارون کو دل میں تکلیف کی وجہ سے روانگی روک دی گئی تھی۔
میڈیکل ٹیم نے طیارے میں داخل ہوکر مسافر کا طبی معائنہ کیا اور مزید طبی امداد کے لیے مسافر کو طیارے سے اتار کر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پرواز ایک گھنٹے کی تاخیر سے دوپہر 12 بج کر 54 منٹ پر ابوظبی سے لاہور کے لیے روانہ ہوئی جو ساڑھے 3 بجے لاہور پہنچی۔