لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی کا انتخاب مسلم لیگ ن نے لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق مسلم لیگ ن نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کے انتخاب میں قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے، الیکشن خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوتا ہے جس میں بیلٹ پیپرز پر سیریل نمبر درج کرنا آئین و قانون کی خلاف ورزی ہے۔
ن لیگ کی جانب سے درخواست میں استدعا کی گئی کہ لاہور ہائی کورٹ اسپیکر پنجاب اسمبلی کے انتخاب کو کالعدم قرار دے کر دوبارہ انتخاب کا حکم دے۔ پاکستان مسلم لیگ ن نے درخواست میں سبطین خان سمیت دیگر کو فریق بنایا ہے۔
گزشتہ روز اسپیکر پنجاب اسمبلی کے انتخاب میں تحریک انصاف کے سبطین خان نے ن لیگ کو شکست دی تھی۔
پینل آف چیئرمین کے سینئر رکن نواب زادہ وسیم خان بادوزئی کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہوا، جس میں نئے اسپیکر پنجاب اسمبلی کا انتخاب کیا گیا۔ اسپیکر کے لیے تحریک انصاف کی جانب سے سبطین خان اور ن لیگ اتحاد کی جانب سے سیف الملوک کھوکھر کے درمیان سخت مقابلہ تھا۔