لاہور: سابق حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ ن نے الیکشن 2024 کے لیے پاکستان کو نواز دو کے عنوان سے اپنا انتخابی منشور پیش کردیا۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی صدارت میں پارٹی سیکریٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں تقریب ہوئی، جس میں منشور پیش کیا گیا۔
منشور کے چیدہ چیدہ نکات میں زراعت کی جدت کے ذریعے کسان کی خوش حالی شامل ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے ملک کو محفوظ بنایا جائے گا۔ تمام سرکاری دفاتر کو ماحول دوست بنایا جائے گا۔
منشور میں زراعت کو اہمیت دی گئی ہے، چھوٹے کسانوں کے لیے سود سے پاک قرضوں کی فراہمی، فصل کے نقصان میں کمی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شامل ہے۔
آئینی، قانونی، عدالتی و انتظامی اصلاحات کی منصوبہ بندی کی جائے گی۔ آئینی اصلاحات کے ضمن میں یہ بھی شامل ہے کہ آرٹیکل 62/63 کو اپنی اصل حالت میں بحال کیا جائے گا۔ نیب کا خاتمہ کیا جائے گا اور پارلیمنٹ کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے گا۔
بروقت اور مؤثر عدالتی نظام کا نفاذ کیا جائے گا۔ مؤثر، منصفانہ اور بروقت پراسیکیوشن ہوگی۔ یقینی بنایا جائے گا کہ بڑے اور مشکل مقدمات کا فیصلہ ایک سال کے اندر جب کہ چھوٹے مقدمات کا فیصلہ دو ماہ میں سنایا جائے۔
پی ایم ایل ن نے منشور 2024-2029 میں بجلی کے بلز میں 20 سے 30 فیصد کمی لانے جب کہ ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ بھی کیا۔ ن لیگ نے سرحدوں کے پار امن کا پیغام دینے کا عزم کیا۔
منشور پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے خصوصی عمل درآمد کونسل کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا، جو حکومتی کارکردگی کی سہ ماہی رپورٹ مرتب کرے گی۔