وزیراعظم نے بجٹ کو طویل معیشتی بیماریاں ٹھیک کرنے کا آغاز قرار دے دیا

اسلام آباد: وزیراعظم نے کہا ہے آئندہ مالی سال کا بجٹ معیشت کی طویل مدتی بیماریاں ٹھیک کرنے کے آغاز کی نمائندگی کررہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی بجٹ پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے متعلق ریلیف، بحالی کے چیلنجوں سمیت عالمی سپلائی چین میں رکاوٹوں اور جیواسٹرٹیجک تبدیلیوں سے پیدا چیلنجوں کے باعث آئندہ بجٹ بنانا خاص طور پر مشکل کام تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بجٹ معیشت کی طویل مدتی بیماریاں ٹھیک کرنے کے آغاز کی نمائندگی کررہا ہے جب کہ عمران نیازی کے پیدا کردہ سیاسی عدم استحکام نے معیشت کو نقصان پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ مخلوط حکومت نے ان صحیح شعبوں کو ترجیح دی ہے جو اقتصادی ترقی تیز کرسکتے ہیں، ان صحیح شعبوں کوبھی ترجیح دی ہے جو سرمایہ کاری راغب کرنے اور معیشت کو خود کفیل بناسکتے ہیں، مہنگائی کو مدنظر رکھ کر سرکاری ملازمین، پنشنرز کو تنخواہوں میں بالترتیب 35 فیصد اور 17.5 فیصد تک ریلیف دیا ہے، کم از کم اجرت بڑھاکر 32 ہزار روپے کردی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بغیر کسی نئے ٹیکس کے زیادہ متوازن بجٹ موجودہ رکاوٹوں کے اندر ممکن نہیں تھا، معیشت کو اصلاحات کی اشد ضرورت ہے جو مستحکم سیاسی ماحول میں کی جاسکتی ہیں اور میثاق معیشت سیاسی جماعتوں کے لیے عوام کی خوش حالی حاصل کرنے کا واحد راستہ دکھائی دیتا ہے۔

 

budgetPM Shehbaz SharifStatement