عمران فاشسٹ ڈکٹیٹر، چیف جسٹس نے کرپشن پر این آر او دے دیا، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عمران نیازی فاشسٹ ڈکٹیٹر ہے اور عدلیہ اسے تحفظ دینے کے لیے آہنی دیوار بن گئی ہے۔
وزیراعظم نے کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملک مشکل حالات سے گزر رہا ہے اور ہم ورثے میں ملنے والے حالات پر قابو پانے کی کوشش کررہے ہیں، سیلاب، مہنگائی اور کساد بازاری کے طوفان نے مشکلات سے دوچار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان اور ان کے حواری مسلسل جھوٹ بولتے رہے ہیں، عمران خان دعا کررہے ہیں کہ ملک ڈیفالٹ کرجائے، نیب نے عمران خان کے خلاف غبن کے کیسز بنائے ہیں، عمران خان کے دور میں اربوں روپے کی کرپشن ہوئی اور عمران نیازی کو مالم جبہ میں کلین چٹ دی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سابق دور میں جھوٹے مقدمات میں اپوزیشن رہنماؤں کو جیل بھجوایا گیا، کیا کسی عدالت نے اس کا نوٹس لیا؟ عمران نیازی فاشسٹ ڈکٹیٹر ہے اور اسے تحفظ دینے کے لیے آہنی دیوار بن گئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نے عمران خان کو کرپشن میں این آر او دے دیا ہے اور اپنے لاڈلے کی کرپشن کا تحفظ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کا روزانہ ٹرائل ہوتا تھا، کاش عدلیہ نواز شریف کو بھی کہتی آپ کو دیکھ کر اچھا لگا لیکن یہ دہرا معیار ہے جس نے انصاف کا جنازہ نکال دیا۔

Chief Justice of PakistanImran KhanPM Shehbaz Sharifspeech