ملک کی ترقی، خوشحالی کیلیے مشکل فیصلے کرنا پڑتے ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سپہ سالاروں سے ملنے کا مقصد ملک کی ترقی کے لیے کام کرنا تھا۔
اسلام آباد میں سرینا چوک پر انڈر پاس کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ قوموں کی ترقی اور خوش حالی کے لیے بعض اوقات مشکل فیصلے کرنا پڑتے ہیں۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ سیاست کرتے ہوئے 38 سال ہوگئے۔ سپہ سالاروں سے ملاقاتیں رہیں، حکومت میں بھی اور اپوزیشن میں بھی۔ سپہ سالاروں سے ملنے کا ایک ہی مقصد ہوتا تھا کہ ملک ترقی کرے۔ یار دوست طعنہ دیتے رہے کہ یہ تو اسٹیبلشمنٹ کا آدمی ہے لیکن مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ میرا کوئی ذاتی مفاد نہیں تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواہش ہے کہ اسلام آباد کی حکومت اور راولپنڈی کی اسٹیبلشمنٹ اور دیگر ادارے مل کر مشاورت کریں اورپاکستان کو وہاں لے کر جائیں جس کے لیے قائداعظم نے خواب دیکھا تھا اور عظیم قربانیاں دی گئی تھیں۔ ملک کی ترقی اور خوش حالی کے لیے مشکل فیصلے کرنا پڑتے ہیں۔ خواہش ہے کہ ادارے اور سیاستدان مل کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں۔ بارہ کہو بائی پاس منصوبے میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مکمل معاونت کی۔

 

inaugurationIslamabadPM Shehbaz SharifspeechUnderpass