آج کے حالات میں سادگی ہمارا اوڑھنا بچھونا ہونا چاہیے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کردی ہیں، لہٰذا اب آئی ایم ایف کے پاس معاہدہ نہ کرنے کا کوئی بہانہ نہیں ہے۔
لاہور میں شاہدرہ فلائی اوور منصوبے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا آئی ایم ایف کا ایک ٹوٹا پھوٹا معاہدہ حکومت کو جھولی میں ملا تھا جس کے لیے آج تک لکیریں کھنچوائی جارہی ہیں، ہمارے پاس کوئی چوائس نہیں اس لیے آئی ایم ایف کی شرائط ماننی پڑرہی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا اس دن کے لیے کہتا ہوں زندگی میں ہم آئی ایم ایف سے جان چھڑالیں، ایک دن آئی ایم ایف کی یہ بیڑیاں کٹ جائیں تو وہ پاکستان کی خوشی کا سب سے بڑا دن ہوگا اور پاکستان اپنے پاؤں پر کھڑا ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا دن رات کوشش کررہے ہیں آئی ایم ایف سے معاہدہ ہوجائے، آئی ایم ایف کی شرائط میں آخری شرط دوست ممالک سے چند ارب ڈالر لانا تھی، چین نے دو ماہ پہلے اندازہ لگایا کہ پاکستان کو مشکلات سے دوچار کیا جارہا ہے، چین نے ہمارا دو ارب ڈالر کا قرضہ رول اوور کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دوست ملکوں سے قرض کی شرط پوری کرنے کے لیے وزیر خارجہ اور وزیر خزانہ کے ساتھ آرمی چیف نے بھی اہم کردار ادا کیا، آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کردی ہیں، اب آئی ایم ایف کے پاس معاہدہ نہ کرنے کا کوئی بہانہ نہیں ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا آج کے حالات میں سادگی ہمارا اوڑھنا بچھونا ہونا چاہیے، مفت آٹا اسکیم میری زندگی کا سب سے پُرخطر منصوبہ تھا، مفت آٹا اسکیم کا میں نے کبھی سوچا نہ تھا، میں چاہتا تھا کہ مفت آٹا دینے کے بجائے کم قیمت پر آٹا دیا جائے، مفت آٹا دینے کی تجویز نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کی تھی، اس منصوبے سے تقریبا 10 کروڑ لوگوں تک فری آٹے کی ترسیل ہوئی ہے، پنجاب میں ایک ماہ کے دوران فری آٹا دینے پر65 ارب روپے لگے۔
ان کا کہنا تھا نواز شریف اور مخلوط حکومت کو احساس ہے مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے، مہنگائی ہے اور عام آدمی تنگ ہے اس لیے فری آٹادینے کا انتظام کیا۔
ان کا کہنا تھا 2018 سے پہلے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے ہمارے منصوبوں پر پابندیاں لگائیں، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے پابندیاں اس لیے لگائیں کہ کہیں ن لیگ نہ جیت جائے، اورنج لائن کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر 11 ماہ کیس لگا رہا، ثاقب نثار نے اس کی کارروائی سنی اور آٹھ ماہ تک اس کا فیصلہ نہ دیا کیوں؟
وزیراعظم نے الزام عائد کیا کہ ثاقب نثار نے اس لیے فیصلہ نہ دیا کہ منصوبہ مکمل ہوا تو ن لیگ کے وارے نیارے ہو جائیں گے، ثاقب نثار نے اورنج لائن ٹرین منصوبے پر اپنے دل کی بھڑاس نکالی، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار اپنے بھائی کو پی کے ایل آئی میں لگانا چاہتے تھے۔

IMFPakistanPM Shehbaz Sharif