معیشت بحال کریں گے، ان شاء اللہ پاکستان دیوالیہ نہیں ہوگا، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کو سری لنکا بنانے کی خواہش رکھنے والوں کو ہمیشہ کی طرح مایوسی ہوگی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت کی معاشی ٹیم کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ سابق حکومت کی تباہ حال معیشت کو بحال کریں گے۔ ان شاء اللہ پاکستان دیوالیہ نہیں ہوگا۔
قبل ازیں اجلاس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، گورنر اسٹیٹ بینک اور ایف بی آر حکام نے وزیراعظم کو ملکی معاشی صورت حال پر بریفنگ دی، جس میں وزیراعظم کو قرضوں کی واپسی کے شیڈول اور آئی ایم ایف سے جاری بات چیت سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں معاشی ٹیم نے وزیراعظم کو زرمبادلہ کے ذخائر سمیت ڈالر کی قدر کے محرکات کے حوالے سے بھی بتایا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ملک کے دیوالیہ ہونے کا کوئی خدشہ نہیں ہے۔قرضوں کی بروقت ادائیگیاں کی جائیں گی۔ وزیراعظم نے حکومتی معاشی ٹیم کو ہدایت کی کہ معیشت کو مستحکم اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے ڈالر، گندم اور یوریا کی افغانستان اسمگلنگ کو روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم نے ہدایت جاری کی کہ ڈالر کی اسمگلنگ کو روکنے کے لیے تمام اداروں میں روابط مضبوط کرتے ہوئے سخت ایکشن لیا جائے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت مالیاتی اداروں سے کی گئی کمٹمنٹ کو پورا کرے گی۔

Govt economist teamMeetingPakistan economicPM Shehbaz Sharif