اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بہت مشکل وقت میں حکومت سنبھالی، پچھلی نااہل حکومت کی وجہ سے ہمیں معاشی بحران ملا، معاشی بحالی کے لیے مشکل فیصلے کرنے پڑے تو کریں گے۔
اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر تھا ہم نے دل پر پتھر رکھ کر پٹرول کی قیمت میں اضافہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والا اضافہ روک کر اور سبسڈی دے کر آنے والی حکومت کے لیے جال بچھایا، ہم عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کررہے ہیں اسی لیے دو ہزار روپے فی گھرانہ دے رہے ہیں تاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ کم ہوسکے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے بہت مشکل وقت میں حکومت سنبھالی، پچھلی نااہل حکومت کی وجہ سے ہمیں معاشی بحران ملا، دنیا میں معاشی صورت حال بہت گمبھیر ہے، یہ مشکل وقت ضرور ہے لیکن ہم عوام کو ریلیف دینے کی بھرپور کوشش کریں گے لیکن معاشی بحالی کے لیے مزید مشکل فیصلے کرنے پڑے تو کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم آئندہ بجٹ میں عوام سے ٹیکس کا بوجھ مزید کم کریں گے۔