سمرقند: پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب میں کہا ہے کہ کسی بھی سیلاب سے اتنی تباہی نہیں آئی جتنی پاکستان میں حالیہ سیلاب کے نتیجے میں آئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا افغانستان میں امن کی ضرورت ہے، افغانستان میں امن ہوگا اس کے خطے پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کو نظرانداز کرنا بڑی غلطی ہوگی، عالمی برادری افغانستان میں اقتصادی اور معاشی استحکام کے لیے کام کرے۔
پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا پاکستان میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، پاکستان میں سیلاب سے 400 بچوں سمیت 1400 اموات ہوئیں اور بڑے پیمانے پر انفرا اسٹرکچر اور فصلوں کو بھی نقصان پہنچا۔
اُن کا کہنا تھا کہ اس مشکل وقت میں دنیا کو ہماری مدد کے لیے آگے آنا ہوگا۔