پہلے ریاست، پھر سیاست، ریاست بچی تو سیاست بھی بچ جائیگی: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف نے کوئی اور شرط نہ لگائی تو معاہدہ طے پاچکا، پہلے ریاست ہے، بعد میں سیاست، ریاست بچتی ہے تو سیاست بھی بچ جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے سینیٹرز سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بعض ساتھیوں کی رائے تھی کہ الیکشن ریفارمز کرکے الیکشن میں جایا جائے، اب ہم یکسو ہیں، حکومت کے باقی 14ماہ پورے کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف سے تیل، گیس کی عالمی قیمتیں پاس آن کرنے کا معاہدہ کیا تھا، گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدے کی ایک ایک کرکے دھجیاں اڑائیں، مارچ میں انہیں شکست نظر آنے لگی تو تیل کی قیمتیں کم کردیں، آئی ایم ایف نے کوئی اور شرط نہ لگائی تو معاہدہ طے پاچکا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ سابق حکومت نے تیل کی قیمت کم کرنے کا فیصلہ خود ہی کرلیا، ماضی میں جھانکنے اور رونے دھونے سے کچھ نہیں ہوگا، ریکوڈک میں اربوں کھربوں کے خزانے دفن ہیں ہم نکال نہیں سکے، اس میں قصور اس قیادت کا ہے جس نے غلط طریقے سے ڈیل کی، چین کب تک ہماری مدد کرے گا، چین، سعودی عرب کہتے ہوں گے کہ کب تک یہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ میں نے چینی ہم منصب سے کہا سی پیک کو بحال کرنا ہے، چین کے وزیراعظم نے کہا ہم تیار ہیں ایم ایل ون کو سپورٹ کریں گے، تمام تر الزام تراشی کے باوجود چین کے وزیراعظم نے کہا پاکستان کے ساتھ ہیں، چین نے 20،20 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ میں سی پیک کے تحت بجلی کے پلانٹ دیے، پچھلی حکومت نے کہا اس میں کرپشن ہوئی ہے، اس پر چین پر کیا گزری ہوگی، چین کے وزیراعظم نے ایک لفظ کا بھی گِلہ نہیں کیا۔

PM Shehbaz Sharifsenate speech