اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امید ہے کرم میں تمام اسٹیک ہولڈرز مل کر قیام امن یقینی بنائیں گے۔
وفاقی کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ تعلیمی شعبے میں صوبوں کا اہم کردار ہے، وفاق کو صوبوں کے ساتھ مل کر تعلیمی میدان میں چیلنجز سے نمٹنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی یورپ کے لیے پروازیں شروع ہونا کامیابی ہے، گزشتہ حکومت کے ایک وزیر کی تقریر کے تباہ کن نتائج ہوئے، شکر ہے جو بندشیں لگیں وہ ختم ہوئیں اور امید ہے جلد لندن کے لیے پروازوں کا آغاز ہوگا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ضلع کرم میں حالات نارمل ہورہے ہیں، امن معاہدے کے بعد مورچے مسمار کیے جارہے ہیں، خوراک اور ادویہ کی سپلائی بھی پہنچائی جارہی ہے، امید ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز مل کر قیام امن یقینی بنائیں گے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ فتنہ الخوارج کے خلاف دن رات کارروائیاں ہورہی ہیں اور امید ہے ان کارروائیوں کے نتیجے میں فتنہ الخوارج مکمل طور پر ختم ہوجائیں گے۔