اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان نے کورونا سے متاثرہ بھارتی عوام کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
اپنی ایک ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان نے بھارتی عوام سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی شہری کورونا کی خطرناک لہر سے نمٹ رہے ہیں، بھارت سمیت دنیا بھر میں کورونا متاثرین کی صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔
گزشتہ روز ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے بھی بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کو خط لکھ کر بھارت میں کورونا کے بڑھتے کیسز اور اموات پر دکھ کا اظہار کیا اور کہا تھا کہ ہم کورونا وائرس کے ان حالات میں انسانیت کے ناتے بھارتی عوام کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔ فیصل ایدھی نے بھارتی وزیراعظم کو کورونا وائرس کے مریضوں کی نقل و حرکت کے لیے 50 ایمبولینسز فراہم کرنے کی بھی پیش کش کی۔
خیال رہے کہ بھارت اس وقت کورونا وبا کے باعث بدترین صورت حال میں ہے، روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں کی تعداد میں کورونا کے نئے مریض سامنے آرہے ہیں، کئی ریاستوں میں اسپتالوں میں کورونا متاثرین کے لیے جگہ نہیں جب کہ کئی اسپتالوں میں آکسیجن کی کمی سے مریض جان کی بازی ہار رہے ہیں۔