پاکستان فلسطینیوں کیساتھ آزادی کے حصول تک شانہ بشانہ کھڑا ہے، وزیرِاعظم

اسلام آباد: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے یقین دلایا ہے کہ پاکستان مظلوم فلسطینیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
نگراں وزیراعظم سے سی پی این ای کے وفد نے صدر ارشاد عارف کی قیادت میں ملاقات کی اور انہیں اخبارات کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔
وزیرِاعظم نے وزارت اطلاعات و نشریات اور وزارت خزانہ کو ہدایت کی کہ اخبارات کو درپیش تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کے خلاف منفی پروپیگنڈے کی منظم مہم چلائی جاتی ہے، معاشرے میں مثبت مباحثے اور تنوع و اختلافِ رائے پر مبنی گفتگو سننے کے ماحول کو فروغ دینا ہوگا، جس میں اخبارات کا کلیدی کردار ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ میرے امریکا کے دورے کے بارے میں جھوٹی خبروں اور بے جا تنقید کی ایک منظم مہم چلائی گئی۔ امریکا میں موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے پاکستان کے کیس کو مؤثر انداز میں پیش کیا، اللہ رب العزت نے موسمیاتی تبدیلی کے ثقافتی پہلو کو قرآن کا حوالہ دے کر دنیا کے سامنے لانے کا موقع دیا۔
انوار کاکڑ کا کہنا تھا کہ ایم ڈی عالمی مالیاتی ادارے نے اسمگلنگ اور ڈالر کی غیر قانونی خرید و فروخت کو روکنے کے حکومتی اقدامات کو سراہا، قلیل مدت میں اسمگلنگ اور ڈالر پر سٹے بازی کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے، روپے کی ڈالر کے مقابلے میں بڑھتی ہوئی قدر اس مہم کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ سے ملکی معیشت کو شدید نقصان پہنچتا رہا، بجلی چوری کو روکنے کے لیے ملک بھر میں اقدامات کیے جارہے ہیں، اپنے تئیں پوری کوشش کررہا ہوں کہ اس مختصر مدت میں ایسے اقدامات کروں، جن سے ہم اپنی تجارت کی اس استعداد کو بروئے کار لاسکیں. آئندہ دورہ چین میں پاک چین اسٹرٹیجک تعلقات، دوطرفہ تجارت، سی پیک اور سیاحت کے فروغ پر بات ہوگی۔
نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خسارے کا شکار سرکاری اداروں (SOEs) کی نج کاری کا عمل تیز اور شفاف بنارہے ہیں، جس سے ملکی خزانے کو ہونے والا نقصان کم ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ افغانی ہمارے بھائی ہیں، قانونی طور پر مقیم افغان پناہ گزینوں کو کوئی واپس نہیں بھیج رہا، صرف غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو ملک بدر کیا جارہا ہے، 31 اکتوبر کے بعد ان کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
وزیرِاعظم نے مزید کہا کہ فلسطین میں اسرائیل کی حالیہ جارحیت، ظالم اسرائیل اور مظلوم فلسطینیوں کی جنگ ہے۔ پاکستان مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ ان کے حق خودارادیت اور آزاد فلسطینی ریاست کے حصول تک شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

Israel Palestine WarPM Anwar ur Haq Kakartalk