اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزرا کو کالعدم تحریک لبیک سے مذاکرات کی ہدایت کردی۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پیر نورالحق قادری سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے موجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا، اور کالعدم تحریک لبیک کے احتجاج کے حوالے سے بات کی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری اور وزیر داخلہ شیخ رشید کو لاہور پہنچنے کی ہدایت کردی۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر پیر نورالحق قادری کراچی سے لاہور پہنچ گئے اور وزیراعظم کی ہدایت پر حکومتی ٹیم آج لاہور میں ٹی ایل پی سے مذاکرات کرے گی، حکومتی ٹیم میں پیر نورالحق قادری، شیخ رشید احمد اور راجہ بشارت شامل ہوں گے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر پیر نورالحق قادری نے موجودہ صورت حال کے حوالے سے علمائے کرام سے ٹیلی فونک رابطے کیے ہیں، وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ حکومت مذاکرات کے ذریعے معاملات کو حل کرنے پر یقین رکھتی ہے، عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
دوسری جانب وزیر داخلہ شیخ رشید نے کالعدم ٹی ایل پی کے احتجاج سے نمٹنے کے لیے پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر سے پولیس فورس مانگ لی ہے۔ وزارت داخلہ نے پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے چیف سیکریٹریوں کو اسلام آباد کی سیکیورٹی کے لیے اینٹی رائٹ فورس دستے بھجوانے کے لیے مراسلے بھیج دیے ہیں، جس میں کہا گیا ہے کہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر 10،10 ہزار نفری پر مشتمل پولیس دستے اسلام آباد بھیجیں۔