اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے عیدالفطر کے موقع پر ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرانے کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں قیدیوں کی سزا میں 90 روز کمی کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں ملک میں کورونا وائرس کی صورت حال اور ویکسی نیشن سے متعلق بریفنگ دی گئی جب کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ سے متعلق تجاویز پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عیدالفطر کے موقع پر ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔
کابینہ نے ہیوی انڈسٹری ٹیکسلا میں پروڈکشن کنٹرول ممبر کی تعیناتی، این ای ڈی انجینئرنگ یونیورسٹی کے 100 سال مکمل ہونے پر اعزازی سکہ جاری کرنے، سول انتظامیہ کی مدد کے لیے پاک فوج کی تعیناتی، ریلوے کنسٹرکشن پاکستان لمیٹڈ کے سی ای او کی تعیناتی اور ریلوے و ٹیکس بیریئر میں نجی شعبے کی شمولیت کی منظوری بھی دے دی۔
اجلاس کو مہنگائی کو روکنے کے لیے بنائی گئی حکمتِ عملی سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے گا، عوامی ضروریات کے ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی، ترقیاتی کاموں سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔