ڈرگ اور کرپشن کے خلاف معاشرہ مل کر لڑے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرپشن اور منشیات سے پیسہ بنانے کا نقصان معاشرے کو پہنچا، اس طرح ناجائز طریقے سے دولت کمانے والوں کو معاشرے کا تسلیم کرنا بدقسمتی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا اے این ایف ہیڈ کوارٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ماضی میں منشیات کے خاتمے سے متعلق اقدامات پر توجہ نہیں دی گئی، افغان جہاد کے وقت پہلی بار پاکستان میں ڈرگز کا سنا، افغانستان سے پاکستان میں منشیات آتی اور آگے جاتی تھی، 80 کی دہائی میں جس نے منشیات سے پیسہ بنایا اس کو غلط سمجھا ہی نہیں گیا، کرپشن اور منشیات سے پیسے بنانے والوں نے معاشرے اور ملک کو نقصان پہنچایا، کرپشن اور منشیات پورے معاشرے کے لیے ناسور ہے، ماضی میں منشیات اور کرپشن کے پیسے سے کئی لوگ انتخابات بھی جیتے، ناجائز طریقے سےدولت کمانے والوں کو معاشرے کا تسلیم کرنا بدقسمتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 70 لاکھ افراد منشیات کےعادی بن چکے، گھر میں ایک بھی منشیات کا عادی ہو وہ گھر تباہ کردیتا ہے، افسوس ناک خبر کہ ڈرگ آئس تعلیمی اداروں میں پھیل رہی ہے اور یہ دائرہ یونیورسٹیوں تک پھیل چکا ہے، منشیات ڈسپلن کو متاثر کرتی ہے، کردار بدل دیتی ہے، صرف پولیس سے جرائم کے خلاف جدوجہد نہیں کی جا سکتی، چاہتا ہوں ڈرگ اور کرپشن کے خلاف معاشرہ مل کر لڑے، ہمیں نوجوانوں کو نشے کی لعنت سے بچانا ہے، منشیات فروشی کے خلاف کام کرنا ہوگا۔

ANFPM Imran Khan