ڈیرہ اسماعیل خان: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بڑے بڑے مافیاز قانون کی بالادستی نہیں چاہتے، مافیا کہتا ہے ہمیں این آر او دے دو۔ دنیا میں اشیا کی قیمتیں اتنی نہیں بڑھیں جتنی ایک سال میں بڑھی ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے ڈیرہ اسماعیل خان میں کاشت کاروں میں کسان کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک زرخیز ملک ہے، اس کے باوجود گزشتہ سال 40 لاکھ ٹن گندم درآمد کی، آبادی بڑھتی رہی اور اناج کی پیداوار نہ ہوئی تو مستقبل میں بھوک ہوگی۔ تیزی سے بڑھتی آبادی کو روکنے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔ 50 سال بعد پاکستان میں ڈیم بن رہے ہیں، ہمیں زراعت پر تحقیق کی ضرورت اور اس شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ضروری ہے۔ حکومت بنیادی تعلیم و صحت کے فروغ کے لیے اقدامات کررہی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ مافیاز ملک میں رائج کرپٹ سسٹم سے فائدہ اٹھارہے ہیں، کچھ اربوں روپے کی جائیدادوں میں بیرون ملک بیٹھے ہوئے ہیں۔ ماضی کے حکمرانوں نے ملکی نظام کو مضبوط نہیں ہونے دیا۔ ملکی ترقی کے لیے اگلے انتخابات نہیں، اگلی نسل کا سوچنا ہوگا۔ ہماری حکومت نے ملک میں مزید 10 ڈیم بنانے کا منصوبہ بنایا ہے، پاکستان میں زیتون کی کاشت کا انقلاب آرہا ہے۔