لاہور: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت بڑھتی ہے تو ڈالر کی کمی ہوجاتی ہے اور ڈالرز کی کمی کے باعث ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑتا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں اسپیشل ٹیکنالوجی زون ٹیکنا پولس کا افتتاح کیا اور اس موقع پر تقریب سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ اس پروجیکٹ کے لیے 800 ایکڑ ویران زمین استعمال کی جو ہمارا مستقبل ہے، ہمارے مقابلے میں بھارت 150 ارب ڈالر کی برآمدات کرتا ہے، ٹیکنالوجی سے متعلق پاکستان کی برآمدات ایک ارب ڈالر کی ہیں، قابل افسوس ہم ٹیکنالوجی کے میدان میں پیچھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسپیشل ٹیکنالوجی زون سےاس علاقے میں ترقی ہوگی، پاکستان آئی ٹی انقلاب کے لیے آئیڈیل ملک ہے، آئی ٹی انقلاب سے ہم تیزی سے ترقی کریں گے کیونکہ ہماری 22 کروڑ کی آبادی میں 60 فیصد نوجوان ہیں، ٹیکنالوجی زون سے نوجوانوں کو نوکریاں دینے میں مدد ملے گی جب کہ گھر بیٹھے خواتین کو بھی روزگار ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ایکسپورٹ کم ہیں جس کے باعث معاشی مشکلات ہوتی ہیں، چین نے اپنی ٹیکنالوجی ایکسپورٹ کو بڑھایا ہے جس وجہ سے چین سپر پاور بننے لگا ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ پاکستان کی معیشت بڑھتی ہے تو ڈالر کی کمی ہوجاتی ہے اور ڈالرز کی کمی کے باعث ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کرپشن سے ملکی جڑوں کو نقصان پہنچتا ہے اور معاشی کمزوریاں پیدا ہوتی ہیں، اس لیے چین نے پہلے پلاننگ کرکے کرپشن کو ختم کیا۔