اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آج پوری قوم کو یہ یقین دلاتا ہوں کہ دشمن پاکستانی قوم کے حوصلوں کو کبھی پست نہیں کرسکتا۔
وزیراعظم عمران خان نے سانحہ آرمی پبلک اسکول کی برسی کے موقع پر پیغام میں کہا کہ آج کا دن آرمی پبلک اسکول کے ان بہادر اساتذہ کی یاد دلاتا ہے جو اپنے طلباء کی حفاظت کے لیے دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہوئے، وقت نے ثابت کیا کہ بے شک دہشت گردی کا کوئی مذہب یا قوم نہیں ہوتی، اس کے پیچھے وہ بزدلانہ سوچ ہوتی ہے، جو اپنے ناپاک سیاسی عزائم کو پورا کرنے کے لیے نہتے کم سن بچوں کو بھی استعمال کرسکتی ہے، تاہم آرمی پبلک اسکول کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں گئیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اس سانحے کے بعد بہادر پاکستانی قوم کے حوصلے پست ہونے کے بجائے دہشت گردی کے خلاف مزید بلند ہوئے، پوری قوم متحد ہوئی اور ہم نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت دشمنوں کو ان کے ٹھکانوں میں ڈھونڈ ڈھونڈ کر نشانہ بنایا، میں آج پوری قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ دشمن پاکستانی قوم کے حوصلوں کو کبھی پست نہیں کرسکتا، پاکستان قوم کے عزم، حوصلے اور ہمت کو شرپسند عناصر نے جب بھی متزلزل کرنے کی کوشش کی، ان کو منہ کی کھانی پڑی۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ عہد کریں پوری قوم متحد ہو کر فرقہ وارانہ، مذہبی اور نسلی تعصب پھیلانے والوں، تفرقہ پھیلانے والوں، اپنے ناپاک سیاسی عزائم کو پورا کرنے کے لیے ایسے ہتھکنڈے اپنانے والوں کے خلاف یوں ہی کھڑی رہے گی، قوم اپنی صفوں میں موجود ان عناصر کی نشان دہی کرکے ان کے تدارک میں ریاست کا ساتھ دے گی، میری خدا سے دعا ہے کہ آرمی پبلک اسکول کے شہداء کے درجات بلند کرے اور ان کے اہل خانہ کو صبرِ جمیل عطا کرے۔
انہوں نے کہا کہ قائدِاعظم کا فرمان ہے کہ دنیا میں ایسی کوئی طاقت نہیں جو پاکستان کو نقصان پہنچاسکے، آج کا دن پوری پاکستانی قوم کو اس کرب ناک سانحہ کی یاد دلاتا ہے، جب بزدل شرپسند عناصر نے ہماری قوم کے مستقبل، نہتے کم سن بچوں پر حملہ کرکے انہیں شہید کیا۔