کراچی: وزیراعظم آج ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے، وہ کراچی ٹرانسفورمیشن کمیٹی اجلاس کی صدارت اور ٹرانسفورمیشن پلان کا اعلان کریں گے، پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا دورہ بھی متوقع ہے، اتحادیوں سے ملاقات کا بھی پروگرام ہے۔
وزیراعظم گورنر ہاؤس میں کراچی ٹرانسفورمیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس میں شہر کے لیے 50 سے زائد منصوبوں کا اعلان ہوگا۔
کراچی ٹرانسفورمیشن پلان کی تیاری اور ترقیاتی منصوبوں پر 802 ارب خرچ ہوں گے، 300 ارب روپے کا کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ بھی ٹرانسفورمیشن پلان کا حصہ ہوگا۔ سرکلر ریلوے کے لیے 250 ارب روپے چینی حکومت فراہم کرے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کے منصوبوں پر 447 ارب 45 کروڑ خرچ ہوں گے، پلان کے تحت ماس ٹرانزٹ سسٹم کے 6 منصوبوں کا اعلان کیا جائے گا، سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبوں کا تخمینہ 62 ارب 30 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔