اسلام آباد: اسلام مخالف مواد ہٹانے کے لیے فیس بک کے بانی مارک زکر برگ کو وزیراعظم عمران خان نے خط لکھ دیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم نے فیس بک کے بانی کے نام خط میں لکھا کہ فیس بک ہولوکاسٹ کی طرح اسلام مخالف مواد پر بھی پابندی عائد کرے، اسلاموفوبیا مخالف مواد سوشل میڈیا بشمول فیس بک پر پھیلایا جارہا ہے، ایسا مواد نفرت، انتہاپسندی، تشدد کی حوصلہ افزائی کررہا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے خط میں لکھا کہ فیس بک کی طرف سے ہولوکاسٹ پر تنقید پر عائد پابندی کی تعریف کرتا ہوں، فیس بک ہولوکاسٹ کی طرح اسلام مخالف مواد پر بھی پابندی عائد کرے۔
عمران خان نے فیس بک پر اسلام مخالف مواد کی نشاندہی کرتے ہوئے لکھا کہ ماضی میں جرمن نازیوں نے جو سلوک یہودیوں کے خلاف روا رکھا تھا، آج دنیا کے مختلف حصوں میں مسلمانوں کے خلاف اسی طرح کا معاملہ دیکھ رہا ہوں، بدقسمتی سے مسلمانوں کو لباس سے عبادت تک کے ذاتی انتخاب سے روکا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے کچھ ممالک میں مسلمانوں کو شہریت کے حقوق حاصل نہیں، مسلمانوں کو کئی جگہوں پر عبادت کرنے کی بھی اجازت نہیں، بھارت میں مسلمانوں کے خلاف قوانین بنائے گئے، مسلمانوں کا قتل اور انہیں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا ذمے دار ٹھہرانا اسلامو فوبیا کا اثر ہے۔
عمران خان نے کہا کہ فرانس میں اسلام کو دہشت گردی سے جوڑا گیا، حضور ﷺ کے گستاخانہ خاکوں کی فرانس میں اجازت دی گئی، ان اقدامات سے فرانسیسی سوسائٹی اور مسلمانوں میں خلیج مزید گہری ہوگئی، فرانس عام اور شدت پسند مسلمانوں میں کس طرح تمیز کرے گا؟ اس امتیازی رویے سے شدت پسندی بڑھے گی جس کی دنیا کو ضرورت نہیں۔